شدید دھند کے باعث پنجاب میں موٹروے کے متعدد سیکشنز ٹریفک کے لیے بند

7

صوبہ پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹروے کے متعدد سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار تک، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11، موٹروے ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک جبکہ موٹروے ایم 4 فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند ہے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد سے عبدالحکیم تک موٹروے ایم 4 کو ہیوی ٹریفک کے لیے بھی بند کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کا فیصلہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ناگزیر سفر کی صورت میں دن کی روشنی کو ترجیح دیں۔

موٹروے پولیس نے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت دھند کے موسم میں سفر کے لیے موزوں قرار دیا ہے۔

ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ دوران سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، لین کی پابندی کریں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ دھند میں سفر کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور گاڑی کی ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز درست حالت میں رکھیں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور موٹرویز کھلنے سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی سفر شروع کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں