مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر منگل سے پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ خاتونِ اول ساجدہ محمد اور کابینہ کے وزرا سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔
دورے کے دوران مالدیپ کے صدر پاکستان کے صدر سے ملاقات کریں گے، جو ان کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی دیں گے۔ صدر محمد معیزو وزیراعظم شہباز شریف سے علیحدہ ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کریں گے۔
ملاقاتوں میں دونوں رہنما پاکستان اور مالدیپ کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت، دفاع، بحری سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
دورے کے دوران پاکستان اور مالدیپ کا بزنس فورم بھی منعقد ہوگا، جس کا مقصد دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانا اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔
اس موقع پر دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کی بھی توقع ہے۔
مالدیپ کے صدر کا یہ دورہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ 11 سال بعد مالدیپ کے کسی صدر کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ دونوں ممالک 1966 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں۔
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مشترکہ مذہبی اقدار، باہمی احترام، دیرینہ خیرسگالی اور علاقائی و عالمی فورمز پر قریبی تعاون کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔
صدر محمد معیزو کا آئندہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی مفاد کے تعاون کے نئے راستے کھولنے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔

