پاکستان نے اقوام متحدہ میں یوکرین تنازع میں فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دونوں فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کا احترام کریں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون نے یوکرین کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگی کارروائیوں کے جلد اور مستقل خاتمے کیلئے مذاکرات کریں۔
انہوں نے خاص طور پر بحیرہ اسود میں تجارتی بحری جہازوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ تنازع کے پھیلنے سے علاقائی استحکام اور آس پاس کے علاقوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
سفیر عثمان جدون نے کہا کہ فوجی حل سے پائیدار امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ سفارت کاری اور مذاکرات ہی امن کے حصول کا سب سے موثر راستہ ہیں۔

