شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے رکن ممالک کے قومی رابطہ کاروں اور سینئر نمائندوں پر مشتمل وفد نے اسلام آباد میں این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) کا دورہ کیا۔
وفد میں بیلاروس، چین، بھارت، ایران، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے نمائندے شامل تھے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وفد کو علاقائی انضمام اور عالمی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن فریم ورک کے فروغ کے لیے این ڈی ایم اے کے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی۔
انہوں نے قدرتی آفات کے خطرات میں کمی، ابتدائی انتباہی نظام، معلومات کے تبادلے، استعداد کار میں اضافے اور ہنگامی صورتحال میں مربوط ردعمل کے شعبوں میں SCO رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کے مواقع اجاگر کیے۔
لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے مشترکہ موسمیاتی خطرات اور علاقائی کمزوریوں سے نمٹنے کے لیے معیاری ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن طریقہ کار کی بنیاد پر فعال ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو علاقائی سطح پر فروغ دینے کی تجویز بھی دی۔
وفد کو نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی آپریشنل صلاحیتوں، ڈیزاسٹر ارلی وارننگ سسٹمز، ہنگامی ردعمل کے طریقہ کار اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق وفد کو عوام تک بروقت، مستند اور قابلِ عمل معلومات پہنچانے کے لیے نظام، حالیہ کامیابیوں، تکنیکی پیش رفت اور مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
SCO کے قومی رابطہ کاروں اور سینئر نمائندوں نے پاکستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے نظام کو جدید بنانے اور نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی آپریشنل صلاحیتیں بہتر بنانے کی کوششوں کو سراہا۔

