بارشوں اور سیلاب سے متاثرین کے لیے مالی امداد کا وزیراعظم کا حکم

8

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور بارشوں و سیلاب سے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کو مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیلی نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد مکمل کرنے، جبکہ متعلقہ وفاقی وزرا اور سیکریٹریز کو متاثرہ علاقوں کے دورے کرکے نقصانات کا جائزہ لینے اور بحالی کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور جہاں رسائی ممکن نہیں وہاں خوراک و دیگر امدادی سامان فوری پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے مزید بارشوں اور سیلاب کی پیشگوئی کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک ملک بھر کے مون سون سے متاثرہ علاقوں میں 615 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے، جبکہ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں