برازیل کے وزیر خارجہ امریکا، ایران ثالثی میں پاکستان کے کردارکے معترف

29

 برازیل کے وزیر خارجہ ماؤرو ویرا نے پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے تناظر میں ثالثی کی کوششوں اور تعمیری کردار کو سراہا ہے۔

برازیل کے وزیر خارجہ نے آج نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ انہوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

ماؤرو ویرا نے پاکستان کی جانب سے مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ پر دستخط کرنے پر بھی اسحاق ڈار کو مبارکباد دی۔

نائب وزیراعظم نے برازیلی وزیر خارجہ کے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور جنوبی ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ اور امن و استحکام کے لیے برازیل کے کردار کو سراہا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اعلیٰ سطح کے رابطوں کے تسلسل اور اقوام متحدہ سمیت دیگر کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ دونوں جانب سے کثیرالجہتی نظام، مذاکرات اور سفارت کاری کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور پاکستان برازیل تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے برازیلی وزیر خارجہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جبکہ ماؤرو ویرا نے بھی انہیں برازیل کے دورے کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں