حکومتی نمائندوں سے مذاکرات کے بعدگڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کرنےکا اعلان کردیا

13

کراچی میں گورنر ہاؤس میں ٹرانسپورٹرز اور حکومتی نمائندوں کے درمیان مذاکرات ہوئے جن میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزاد شریک ہوئے۔

مذکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزادکا کہنا تھا کہ حکومتی یقین دہانی کے بعد ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخرکرنےکا فیصلہ کیا ہے،ہماری جانب سے 9 دن سے ملک گیر ہڑتال ہو رہی ہے، حکومت سندھ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پارکنگ کا مسئلہ حل ہوگا، 15دن کا وقت لیا گیا ہےکہ پیٹرولیم قیمتوں کا تعین 15 دن یا ایک ماہ بعدکیا جائےگا، علیم خان نے ٹول ٹیکس میں کمی سے متعلق کمیٹی بنانے اور نظرثانی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ حکومت نے 10 وہیلر کو مناسب وزن کی اجازت دینےکی بھی یقین دہانی کروائی ہے، وفاقی و صوبائی حکومت نے کچھ مسائل حل کردیے ہیں، کچھ مسائل کابینہ سےحل ہونے ہیں، ان کی بھی یقین دہانی کروائی ہے، کمیٹیوں کے اجلاس جاری رہیں گے، امید ہے یقین دہانی اور وعدوں پر عمل کیا جائےگا، ہم ہڑتال ختم نہیں کر رہے بلکہ مؤخر کر رہے ہیں، یقین دہانی پر عمل نہ ہوا تو احتجاج ریکارڈ کرواسکتے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کے جو مسائل حل طلب تھے وہ حل کیے،کچھ مطالبات کے لیے رسمی کارروائیاں ہیں وہ پوری کریں گے، اس کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کراچی حیدرآباد روڈ کسی بھی طرح موٹر وےکہلانےکےلائق نہیں، سکھر سےحیدرآباد اور کراچی تک نئی موٹروےکا کام اسی سال شروع ہوگا، ہم کسی ایسی چیز میں نہیں پڑنا چاہتے جس سےتنازع شروع ہو۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال غیر معمولی ہے، ایسے میں مکہ معاہدہ ہوا، جنگ کے معاشی اثرات صرف پاکستان نہیں دنیا بھر میں ہیں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کوشش کر رہےہیں کہ بہتراثرات عوام تک پہنچیں، حکومت اور ٹرانسپورٹرز نے ایک دوسرے کو سنا، دونوں متفق ہیں کہ ملک کے لیے ہر قربانی کو تیار ہیں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آج ہم پورے دن معاملات حل کرنے کی کوشش کرتے رہےہیں، جو چیزیں سندھ حکومت نے کرنی ہیں وہ ہم کریں گے،کوشش ہےکہ گفتگو سے مسائل کو حل کیا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں