3

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نئے ہجری سال 1448 ہجری کے آغاز پر پاکستانی قوم اور پوری امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے قوم پر زور دیا کہ وہ برداشت، قانون کی بالادستی، قومی یکجہتی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے مثبت کردار کو فروغ دیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ نئے ہجری سال کے آغاز پر ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں برداشت، محبت، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیں گے اور فرقہ واریت سے اجتناب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانیوں اور واقعۂ کربلا کے آفاقی اسباق کی بھی یاد دلاتا ہے، جو حق، صبر، استقامت اور قربانی کا درس دیتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ نئے اسلامی سال کا آغاز ایران اور امریکہ کے درمیان ایک بڑے تنازع کے پرامن حل کی خوشخبری کے ساتھ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مخلصانہ امن کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور اس کامیابی پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔

وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ وہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں دیانت داری، محنت، باہمی احترام، برداشت اور قومی اتحاد کو فروغ دے تاکہ ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے دعا کی کہ نیا ہجری سال پاکستان، عالمِ اسلام اور پوری انسانیت کے لیے امن، خوشحالی اور استحکام کا پیغام لے کر آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں