انٹرا پارٹی انتخابات کیس ، پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کروانے کے لیے مہلت مل گئی

انٹرا پارٹی انتخابات کیس ، پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کروانے کے لیے مہلت مل گئی

الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دستاویزات جمع کروانے کے لیے مہلت دے دی۔ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں3 رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت ممبر خیبر پختونخوا نے دریافت کیا کہ پی ٹی آئی اب ایک ادارہ نہیں ہے، ہم جاننا چاہتے ہیں وہ کونسی اتھارٹی ہے جس نے پارٹی الیکشن کروائے؟

اس موقع پر چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن سے دستاویزات جمع کروانے کے لیے مہلت مانگ لی، انہوں نے بتایا کہ سینٹرل سیکرٹیریٹ سے پولیس تمام دستاویزات حتی کہ واٹر ڈسپنسر بھی اٹھا کر لے گئی ہے۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کروانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی، تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ 13 جولائی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا تھا۔۔

 

-- مزید آگے پہنچایے --