مانسہرہ کے تفریحی مقام ناران میں گلیشیئر کا ٹکڑا گرنے سے برف میں دب کر 2 سیاح جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق راجن پور سے تعلق رکھنے والی فیملی کے افراد جھیل روڈ پر گلیشیئر کے نیچے تصاویر بنا رہے تھے کہ اچانک گلیشیئر کا وزنی ٹکڑا ٹوٹ کر ان کے اوپر آگرا۔پولیس کے مطابق برف کے نیچے دب کر 22 سالہ مہران اور اس کی 13 سالہ بھتیجی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
مقامی افراد نے لاشیں نکال کر ناران بی ایچ یو پہنچا دیں، جہاں سے لاشوں کو ایمبولینس کے ذریعے راجن پور روانہ کردیا گیا۔انہی گلیشیئرز کے نیچے چند سال قبل برف کا ٹکڑا گرنے سے کراچی کی 2 خواتین بھی جاں سے ہاتھ دھو بیٹھی تھیں۔
جائے حادثہ پر سیاحوں کو گلیشیئر سے دور رہنے کی ہدایات کا بورڈ بھی لگا دیا گیا تھا مگر ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا۔