پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا ہےکہ اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی اور سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے دونوں رہنماؤں کو تحریک انصاف کے اسلام آباد میں موجود سینٹرل سیکرٹریٹ سے گرفتار کیا۔اسلام آباد پولیس نے سیکرٹریٹ سے کمپیوٹر سمیت دیگر سامان بھی ضبط کرلیا جب کہ پولیس نے سینٹرل سیکرٹریٹ کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات روف حسن کو گرفتار کیا گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔پولیس ذرائع کا بتانا ہےکہ بیرسٹرگوہر اور چارخواتین کو گرفتارنہیں کیا گیا، پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے پولیس لیپ ٹاپ اوردستاویزات ساتھ لے کرنہیں گئی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر تحریک انصاف نے دونوں رہنماؤں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح اسلام آباد پولیس قانون کا مذاق اڑا رہی ہے یہ شرمناک ہے۔ پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز نے بھی اسلام آباد پولیس کی جانب سے بیرسٹر گوہر علی اور رؤف حسن کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔