آرمی چیف جنرل عاصم منیر نےکہا ہےکہ پاک چین تعلقات غیر معمولی اور مثالی ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ باہمی اعتماد کیا اور ایک دوسرے کی غیرمتزلزل حمایت کی۔جی ایچ کیو میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے باہمی اعتماد سےاسٹریٹیجک ماحول کے اتار چڑھاؤ کا سامنا کیا ہے، پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں ہمیشہ آگے رہی ہے، پاک چین افواج دو طرفہ فوجی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔تقریب کے مہمان خصوصی چینی سفیر نےکہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کرکام کرنےکو تیار ہیں، پاک فوج نے پاکستان اور خطے کےامن و استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔چینی سفیر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی طاقت پاک چین دوستی اور افواج کےدرمیان بھائی چارہ ختم نہیں کرسکتی۔