صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں پاکستان شاہینز کل ڈارون میں بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مدمقابل ہونے والی ہے۔
دوسرا چار روزہ میچ 26 جولائی سے کھیلا جائے گا جس کے بعد پاکستان شاہینز چار اور چھ اگست کو دو ون ڈے اور پھر ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔
یہ 2008 کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ڈیولپمنٹ سائیڈز مدمقابل ہورہی ہیں ۔ 2008 میں پاکستان اکیڈمی ٹیم نے بنگلہ دیش اکیڈمی ٹیم کے خلاف اسی کے میدان میں دونوں چار روزہ میچ آٹھ وکٹوں سے جیتے تھے۔
پاکستان شاہینز نئے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی نگرانی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں چھ روزہ تربیتی کیمپ کے بعد 15 جولائی کو ڈارون پہنچی تھی۔
پاکستان شاہینز کی تین سال میں یہ تیسری ریڈ بال سیریز ہے۔
اس سے قبل اس نے 2021 اور 2023 میں سری لنکا اور زمبابوے میں چار روزہ میچوں کی سیریز کھیلی تھی۔
مہران ممتاز زمبابوے اے کے خلاف پاکستان شاہینز کے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے تھے انہوں نے دو چار روزہ میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ بیٹنگ میں عمیر بن یوسف 348 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔
موجودہ اسکواڈ میں محمد حریرہ ، عمیر بن یوسف، کامران غلام ، حسیب اللہ ، مہران ممتاز، شاہنواز دھانی، محمد علی اور خرم شہزاد پہلے بھی ریڈ بال کرکٹ میں پاکستان شاہینز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
15 رکنی ٹیم میں تین ٹیسٹ کرکٹرز خرم شہزاد ، محمد علی اور عمر امین شامل ہیں۔
ڈارون میں بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچ پاکستان کے آنے والے مصروف سیزن کے تناظر میں بڑی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ اس اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو آنے والے ریڈ بال سیزن کے لیے ضروری تجربہ اور ایکسپوژر ملے گا۔ اس سال پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف نو ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔
پاکستان شاہینز کے کپتان صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ وہ اس سیریز میں پاکستان شاہینز کی قیادت کرتے ہوئے بہت خوش ہیں اور دلچسپ چیلنج کے منتظر ہیں جس کا سامنا ایک مختلف کنڈیشنز میں بنگلہ دیش اے کی طرف سے ہوگا ۔ ٹیم نے کراچی کیمپ میں بہت اچھی تیاری کی ہے اور ڈارون میں ٹریننگ سیشن حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں ۔ جیسن گلیسپی کی موجودگی ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے بہت بڑا فائدہ ہے اور ہم چار روزہ میچوں میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لیے بے چین ہیں۔
پاکستان شاہینز اسکواڈ: صاحبزادہ فرحان ( کپتان ) فیصل اکرم ، حسیب اللہ ، کامران غلام ، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد علی، محمد حریرہ ، مبصر خان ، محمد عرفان خان ، عمیر بن یوسف، شاہنواز دھانی، طیب طاہر اور عمر امین۔
بنگلہ دیش ‘اے’ اسکواڈ: محمود الحسن جوئے (کپتان)، ایچ مولا ، امیت حسن، عارف الاسلام، حسن مراد، ماہید الاسلام انکون، معروف مریدھا، محمد مقید الاسلام، پرویز حسین ایمون، رقیب الحسن، رضا الرحمن راجہ، رپون مونڈل، سہادت حسین دیپو، شادمان اسلام، ایس کے پرویز رحمان جوبن۔