نواسہ رسول ﷺ، حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثاروں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کے دن پر ملک کے مختلف شہروں میں مجالس عزا ہو رہی ہیں اور جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں۔راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس صبح 11 بجے امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہو گا۔دوسری جانب لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثارحویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو گیا، جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔پنجاب بھر میں آج صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس صبح 9 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا جوایم اے جناح روڈ ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا۔اس موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر ہے جبکہ شہر میں آج بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری ، اسلحے کی نمائش ، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے۔اس کے علاوہ پشاورکی مختلف امام بارگاہوں سے بھی یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے۔علاوہ ازیں کوئٹہ میں 10 محرم کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا۔ یوم عاشور کے موقع پر شہر میں موبائل فون سروس معطل ہے۔