آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی آئی خان رورل ہیلتھ سینٹر پر دہشتگرد حملہ میں 5 شہری اور 2 فوجی جوان شہید ہو گئے حملہ کڑی شاموزئی رورل ہیلتھ سینٹر پر 15 اور 16 جولائی کی درمیانی شب کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے رورل ہیلتھ سینٹر پر اندھا دھند فائرنگ کی، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 5 بےگناہ شہری شہید ہوگئے، شہید ہونے والوں میں 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز، 2 بچے اور ایک چوکیدار شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ کلیئرنس آپریشن کے لیے اردگرد موجود سکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 بہادر جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں نائب صوبیدار محمد فاروق اور سپاہی محمد جاوید اقبال شامل ہیں۔44 سال کے نائب صوبیدار محمد فاروق شہید کا تعلق ضلع نارووال سے ہے جب کہ ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے سپاہی محمد جاوید اقبال شہید کی عمر 23 سال ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانےکےگھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کےکٹہرے میں لایا جائےگا۔