وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز کا دائرہ کار مزید بڑھا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے رکن صوبائی اسمبلی سعید اکبر خان نوانی نے ملاقات کی جس میں ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں گفتگو ہوئی، ملاقات میں عوامی مسائل کے حل کیلئے تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایم پی اے سعید اکبر خان نوانی نے عوامی خدمت کے 100دن کی کامیابی سے تکمیل پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کو مبارکباد پیش کی، فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز پروگرام کو بھی سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز کا دائرہ کار مزید بڑھا رہے ہیں، 500 مزید فیلڈ ہسپتال دیں گے، ہیلتھ ریفارمز اور فیسیلٹی عوام کی دہلیز تک پہنچانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ 200 بنیادی مراکز صحت میں آئندہ سال تک 24 گھنٹے سروسز مہیا ہوں گی، دور دراز ہسپتالوں میں اینستھیزیا، پیڈز اور کارڈیالوجسٹ ہفتے میں ایک بار وزٹ کریں گے، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں تھیلیسیمیا سنٹرز قائم ہوں گے، ڈسٹرکٹ تھیلیسیمیا سنٹرز کو ریجنل بلڈ سنٹرز کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔
رکن صوبائی اسمبلی سعید اکبر نوانی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی 4 ماہ کی کارکردگی دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے، آپ کے غریب دوست اقدامات کو عوام میں بے حد پذیرائی مل رہی ہے، آپ کی متحرک قیادت میں پراجیکٹس کی برق رفتار تکمیل خوش آئند امر ہے۔