میراتھن مقابلوں میں عالمی ریکارڈ بنانے والے ایتھلیٹ کیلون کیپٹم کار حادثے میں اپنے کوچ سمیت ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق 24 سالہ کیلون کیپٹم کینیا میں حادثے کا شکار ہوئے جہاں ان کی کی گاڑی اچانک بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں جاگری۔پیرس 2024 سمر اولمپکس میں جیت کے لیے فیورٹ قرار دیے جانے والے کھلاڑی کیلون کیپٹم اور ان کے روانڈا کے کوچ ہلاک جب کہ ایک خاتون مسافر زخمی ہوگئی۔حکام نے بتایا کہ کار میں تین افراد سوار تھے، کیلون کیپٹم اور ان کے کوچ کی موقع پر ہی موت ہو گئی جب کہ ایک زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
کیلون کیپٹم نے اکتوبر میں شکاگو میں منعقدہ میراتھن کے دوران 2 منٹ 35 سیکنڈز کے ساتھ عالمی ریکارڈ بنایا، انہوں نے اپنے ساتھی کینیا کے اسٹار ایلیوڈ کیپچوگے کے سابقہ ریکارڈ سے 34 سیکنڈ کم وقت میں یہ ریکارڈ بنایا۔جب انہوں نے یہ ریکارڈ بنایا اس وقت ان کی عمر صرف 23 سال تھی اور یہ ان صرف تیسری میراتھن ریس تھی جب کہ صرف ایک دہائی قبل تک بکریوں اور بھیڑوں کا ریوڑ چرانے والے غیر معمولی کھلاڑی نے اپنی دونوں ابتدائی ریس بھی جیتی تھیں۔
کینیا کے صدر ولیم روٹو نے کیلون کیپٹم کو اپنا مستقبل اور ’غیر معمولی کھلاڑی‘ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جنہوں تمام رکارٹوں کو توڑتے ہوئے میراتھن ریکارڈ بنایا۔کیلون کیپٹم کی موت کینیا کے نوجوان ایتھلیٹکس کی موت کے ’پراسرار‘ سانحات کی تازہ ترین مثال ہے، 2008 میں بیجنگ اولمپکس میں اولمپک ٹائٹل اپنے نام کرنے والے کینیا کے میراتھن سپر اسٹار سیموئل وانجیرو 2011 میں اتنی ہی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
ان کے موت کے حوالےسے ایک پیتھالوجسٹ نے بتایا تھا کہ سیموئل وانجیرو کے سر پر تیز دھار آلے سے ضرب لگائی گئی تھی۔2021 میں طویل فاصلے کی دوڑ میں حصہ لینے والی اسٹار ایگنس ٹیروپ کو 25 سال کی عمر میں ان کے گھر میں چھری کے وار سے قتل کر دیا گیا تھا۔خاتون کھلاڑی کے شوہر پر گزشتہ سال نومبر میں ان کے قتل کا مقدمہ چلایا گیا تھا، ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا تھا اور مقدمے کی سماعت شروع ہونے سے قبل ہی اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔