کوہ پیماؤں نائلہ کیانی اور ثمینہ بیگ نے دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی ’نانگا پربت‘ سر کرنے والی پاکستان کی پہلی خواتین ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل قرار حیدری کے مطابق نائلہ کیانی نے آج 10 بجکر 18 منٹ پر چوٹی سر کی جبکہ ثمینہ بیگ نے 11 بجکر 8 منٹ پر سمٹ مکمل کی۔
دونوں خواتین کوہ پیماؤں نے سفر کے دوران خطرناک پہاڑیوں، سرد موسم اور دیگر چیلنجز پر قابو پایا۔قرار حیدری نے کہا کہ دیگر پاکستانی کوہ پیماؤں بشمول رضوان داد، عید محمد، احمد بیگ، وقار علی، سعید کریم، لیاقت، واجد ناگری اور شاہ دولت بھی نائلہ کیانی اور ثمینہ بیگ کے ہمراہ تھے اور سب نے کامیابی سے چوٹی سر کرلی ہے۔
درین اثنا امیجن نیپال نامی کوہ پیماؤں کی ٹیم نے کہا کہ اس کے 10 اراکین نے نانگا پربت چوٹی سر کرلی ہے۔سمٹ قراقرم کے منیجنگ ڈائریکٹر سخاوت حسین نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ امریکا سے ان کے کلائنٹس کرس وارنر اور تین نیپالیوں نے بھی چوٹی سر کی۔علاوہ ازیں دنیا بھر سے تقریباً 28 دیگر کوہ پیماؤں نے بھی آج کامیابی کے ساتھ چوٹی کو سر کیا۔