وزیرا اعظم شہباز شریف کل قطر روانہ ہونگے

وزیرا اعظم شہباز شریف کل قطر روانہ ہونگے

وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر دوحہ میں اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کے لیے کل قطر روانہ ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امیر قطر کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف 5 سے 6 مارچ کو دوحہ جائیں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی پانچویں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

5 سے 9 مارچ تک منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے دوران کم ترقی یافتہ ممالک میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا جن سے انہیں خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔بیان میں کہا گیا کہ دوحہ میں کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شریک رہنماؤں اور وفود کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں اور بات چیت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی آواز کو بلند کرنے میں اقوام متحدہ کے پلیٹ فارمز پر قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 2022 کے دوران پاکستان نے بطور ’سربراہ گروپ 77 اور چین‘ کی حیثیت سے قطر کی کوششوں کی بھرپور حمایت کی تاکہ ’دوحہ پروگرام آف ایکشن فار دی لیسٹ ڈویلپڈ کنٹریز‘ کو اتفاق رائے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی توثیق کے ساتھ اپنایا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ’کانفرنس میں وزیر اعظم کی شرکت سماجی ترقی اور معاشی خوشحالی کی جستجو میں کم ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ پاکستان کی حمایت اور یکجہتی کی نشاندہی کرے گی‘۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے 2030 کے ترقیاتی ایجنڈے اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے تعاون کے فریم ورک کے اندر عمل درآمد کے موثر ذرائع پر مبنی عالمی شراکت داری کی بحالی کی حمایت کی۔

-- مزید آگے پہنچایے --