پاکستان مخالف ملک کے دیوالیہ ہونے کی جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں، وزیر خزانہ

پاکستان مخالف ملک کے دیوالیہ ہونے کی جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اگلے ہفتے تک اسٹاف لیول معادہ ہونے کی توقع ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے مخالف عناصر ملک کے دیوالیہ ہونے کی جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں جو کہ نہ صرف مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہیں بلکہ حقیقت کے برعکس ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک پاکستان میں زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ وقت پر بیرونی ادائیگیوں کے باوجود بھی چار ہفتے قبل کے ذخائر سے زیادہ ایک ارب ڈالر تک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی کمرشل بینکوں نے پاکستان کو سہولیات دینا شروع کردی ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہمارے مذاکرات مکمل ہونے والے ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ اگلے ہفتے تک آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معادہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام اقتصادی اشاریہ آہستہ آہستہ درست سمت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے 31 جنوری سے 9 فروری تک اسلام آباد میں آئی ایم ایف کے وفد کے ساتھ 10 روز کی تفصیلی بات چیت کی تھی لیکن وہ معاہدے تک نہیں پہنچ سکی تھی۔

تاہم آئی ایم ایف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ دونوں فریقین نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ہے اور اسلام آباد میں زیر بحث پالیسیوں کے نفاذ کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے آنے والے دنوں میں ورچوئل مذاکرات جاری رہیں گے۔

-- مزید آگے پہنچایے --