صدر کا کوئی انتظامی اختیار نہیں، عارف علوی نے عمرانی جیالا بننے کی کوشش کی، قمر زمان کائرہ

صدر کا کوئی انتظامی اختیار نہیں، عارف علوی نے عمرانی جیالا بننے کی کوشش کی، قمر زمان کائرہ

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے ملک کا صدر بننے کے بجائے عمرانی جیالا بننے کی کوشش کی۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کروانے کا اعلان صدر یا حکومتیں نہیں کرتیں، صدر کا کوئی انتظامی اختیار نہیں، صدر صاحب نے جو اختیار استعمال کیا ہے اس کا کوئی وجود نہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک بااختیار ادارہ ہے، الیکشن کروانے کی صوابدید مکمل طور پر الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ جو اختیار صدر کے پاس نہیں تھا اس کو استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، کل صدر پاکستان نے آئین توڑا اور آئین سے کھلواڑ کیا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ صدر نے ایسے ہی اختیار استعمال کیا جیسے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کیا تھا، جو اسٹیج ڈرامہ پہلے پلے ہوا تھا اب بھی ایسا ہوا ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ صدر نے ایک مشاورتی اجلاس طلب کیا اور الیکشن کمیشن کو حکم دے دیا، وفاقی حکومت اور کابینہ فیصلے کرتی ہے، صدر اس پر عمل درآمد کرواتا ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جو صوبائی حکومت فیصلہ کرے گی گورنر اس پر عمل کرواتا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --