وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افغان حکومت کا اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے مسئلے کو سنجیدہ نہ لینا باعث تشویش ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور القاعدہ جیسی دہشتگرد تنظیمیں افغانستان میں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کابل سے باربار کہا ہے ان کے خلاف کارروائی کرے، افغانستان میں کوئی اسٹینڈنگ آرمی یا کاؤنٹرٹیررازم میکینزم موجود نہیں، عالمی برادری افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان پناہ گزینوں کی دہائیوں سے میزبانی کررہا ہے، عالمی برادری کو افغانستان میں قیام امن کیلئے کرداراداکرنا چاہیے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ افغانستان نے یقین دہانی کرائی کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، افغان حکومت کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مضبوط سکیورٹی اداروں کی ضرورت ہے۔