پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور پاکستان برطانیہ بزنس کونسل (پی بی بی سی) نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں تا کہ آپس کا باہمی تعاون بڑھا کر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔ پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کے چیئرمین جولین ہمیلٹن بارنز کی قیادت میں ایک وفد نے چیمبر کا دورہ کیا جس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری اور پی بی بی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راشد اقبال نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کے چیئرمین اور برطانیہ میں پاکستان کے اعزازی قونصل جنرل جولین ہمیلٹن بارنز نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تقریباً 3 سے 4 ارب پاؤنڈز کی باہمی تجارت ان کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری دوطرفہ تجارت کو کم از کم 10 ارب پاؤنڈ سالانہ تک بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرے کیونکہ دونوں ممالک اس کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سمندری معیشت میں اربوں ڈالر کا کاروبار فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت پائی جاتی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری اس شعبے کے بین الاقوامی ہم منصبوں کے ساتھ روابط قائم کر کے اس صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی بی بی سی برطانیہ اور پاکستان کے نجی شعبوں کے درمیان نیٹ ورکنگ اور روابط کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کو مزید بہتر کیا جا سکے۔

 

 

پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راشد اقبال نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے آئی سی سی آئی اور پی بی بی سی کے درمیان مزید قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری ایک دوسرے کے ملک میں منعقد ہونے والے تجارتی میلوں اور نمائشوں میں شرکت کرکے اپنی مصنوعات متعارف کرائے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت بہتر ہو گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ محدود اشیاء میں تجارت کر رہے ہیں اور انہیں بہتر نتائج کے حصول کے لیے مزید اشیاء میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سمیت پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں برطانیہ کے سرمایہ کاروں کیلئے جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا وہ ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر انہیں پاکستان میں صحیح شراکت داروں سے ملانے میں ہرممکن مدد کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی اور پی بی بی سی کے درمیان قریبی تعاون سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

 

اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر رضوانہ آصف نے اپنے خطاب میں پاکستان اور برطانیہ کی کاروباری خواتین کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ پی بی بی سی ان مقاصد کے حصول میں تعاون کرے گی جس سے خواتین کومعاشی طور پر مزید بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔

 

چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کامن ویلتھ مارکیٹ کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا جس سے دولت مشترکہ ممالک کی کاروباری برادری کے لیے کاروبار کے مزید نئے مواقع پیدا ہوں گے۔پی بی بی سی کے وفد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، سمندری معیشت، ریٹیل اور پیشہ وارانہ سروسز سمیت دیگر شعبوں کے نمائندگان شامل تھے جنہوں نے چیمبر کے ممبران کے ساتھ ملاقات کر کے دلچسپی کے شعبوں میں کاروباری تعاون کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --