بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے، وزیراعظم

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے، وزیراعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر کی وادی بے گناہ مسلمانوں کے خون سے سرخ ہے۔آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومتوں نے ہمیشہ کشمیریوں کو سپورٹ کیا، تمام جماعتوں کا اتحاد دیکھ کر بھارت یقیناً پریشان ہو گا۔شہباز شریف نے کہا کہ مودی نے 2019 میں کشمیر کے اسپیشل اسٹیٹس کو بھی چھین لیا، 75 سال میں کشمیر میں لاکھوں مسلمان شہید کیے گئے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ مسلمان یکسوئی سے کام کریں تو وہ دن دور نہیں جب ہر ظلم کا حساب لیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کو آزادی دلانی ہے تو معاشی طاقت بھی ضروری ہے، اپنی صفوں میں اتحاد اور معاشی استحکام لانا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کشمیریوں کو حق دلانا ہے تو پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنا ہوگا، اختلافات بھلانے، سادگی اپنانے اور قربانیوں کی ضرورت ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھٹو صاحب نے کہا تھا گھاس کھائیں گے لیکن کشمیر کو آزاد کرائیں گے، کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت بہت مالی چیلنجز ہیں، آئی ایم ایف والے حساب مانگ رہے ہیں، ان کا وفد ایک ایک چیز دیکھ رہا ہے۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف کو آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی آمد کے موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت نے ملاقات کی جس کے دوران گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کا آج مظفر آباد میں کشمیر کاز کے لیے اکٹھے ہونا خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے یو این کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے پردہ اٹھایا ، سات دہائیوں سے بھارت کشمیر میں مظالم کی داستان رقم کر رہا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا بھارتی مظالم کشمیریوں کا جذبہ حقِ خود ارادیت ماند نہیں کر سکے، ہم اسی طرح قومی ایشوز پر اکٹھے چلیں تو ہمارے تمام مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہےکہ کشمیر ایشو اور آزاد کشمیر کے تمام مسائل کا حل ہم بیٹھ کر نکالیں گے، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے اور ہمیشہ ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ رہے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --