سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کو بہت سمجھایا کہ ابھی کام کرنے دو اسمبلی مت توڑو مگر میری ایک نہیں مانی گئی۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا ساڑھے 5 ماہ میں پانچ سال کا کام کیا، میں کہہ کہہ کر تھک گیا تھا کہ ابھی کام کرنے دیں، اب اسمبلی توڑ دی ہے دیکھو کیا حال ہے، ایک سال اور کام کرتے تو یہاں ن لیگ کے کپڑے تک نہ ملتے، ن لیگ والے ملے جو کہتے تھےکہ شکر ہے اسمبلی ٹوٹی ورنہ ہماری سیاست ختم تھی۔
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا خان صاحب کے قریب موجود لوگوں نے ہی پارٹی کی جڑ کاٹی، چار پانچ قریبی لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا ہے، پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک رہتا۔ان کا کہنا تھا اللہ کے کرم اور عمران خان کے اعتماد سے وزارت اعلیٰ ملی، عمران خان اب بھی پاکستان کے مقبول ترین سیاسی لیڈر ہیں، عمران خان کو کہا تھا کہ 25 مئی یاد ہے انہوں نے نہیں چھوڑنا، لاہور کے کام بند، محمود الرشید کے کام بند تھے، میاں اسلم اقبال کے حلقے میں کام ہو رہے تھے، 21ارب کے لاہور اور اسلم اقبال کے حلقے میں کام ہوئے، یہی لوگ کہہ رہے تھے کہ فوری اسمبلیاں توڑیں۔
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا جو کچھ محسن نقوی کر رہا ہے یہ عقل کا مارا ہے، تمھارا کام الیکشن کروانا ہے وہ کرواؤ، کیا تم نے گھر نہیں آنا، آرام سے بیٹھو اور کوئی اچھا کام کرکے جاؤ تاکہ لوگ تمھیں یاد کریں، تم انتقامی کارروائیاں کیسےکر سکتے ہو، الیکشن کا ہفتے میں شیڈول آگیا تو اپ پھر کچھ نہیں کر سکتے، صاف شفاف الیکشن ہی کروادو تو بڑی بات ہے۔