قبل از وقت الیکشن نہ کرائے گئے تو معیشت دیوالیہ پن کا شکار ہو جائیگی، عمران خان

قبل از وقت الیکشن نہ کرائے گئے تو معیشت دیوالیہ پن کا شکار ہو جائیگی، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبل ازوقت الیکشن نہ کرائے گئے تو پاکستان کی معیشت سری لنکا کی طرح دیوالیہ پن کا شکار ہو جائے گی۔غیر ملکی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جان کو خطرہ ہے مگر چھپ کر بیٹھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انتخابات کا سال ہے، انتخابی مہم چلائیں گے، ہر صورت عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے، عوامی ریلیوں میں بلٹ پروف سکرین لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت اور اس کے ساتھ اتحادی چاہتے ہیں مجھے کسی طرح سے نا اہل قرار دیا جائے، نا اہلی کے لئے مخالفین اپنی تمام قوت کا استعمال کر رہے ہیں لیکن ایسا کوئی کیس نہیں جہاں انہیں نا اہل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس وقت اتنا سیاسی عدم استحکام ہے کہ معاشی استحکام ناممکن ہو چکا ہے جبکہ دوسرا بڑا خطرہ بڑھتی ہوئی شدت پسندی سے ہے، پاکستان میں معاشی استحکام صرف اور صرف صاف اور شفاف الیکشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سویلین حکومت کے پاس اگر ذمہ داری ہے تو اختیار بھی ان کے پاس ہی ہونا چاہیے، اگر ذمہ داری جمہوری حکومت کی ہو اور اختیار فوج کے پاس رہے تو کوئی سسٹم نہیں چل سکتا۔

-- مزید آگے پہنچایے --