بارہواں رشید ڈی حبیب گالف: پہلے دن نوجوان گولفرز تجربہ کار قومی چیمپینز کے ساتھ سرِ فہرست

بینک الحبیب کے بارہویں رشید ڈی حبیب میموریل نیشنل پروفیشنل گالف ٹورنامنٹ 2023 کا پہلا راؤنڈ جمعرات 19 جنوری کو کراچی گالف کلب (KGC) میں کھیلا گیا۔ پچھلے سال کے دفاعی چیمپئن وحید بلوچ، پاکستان کے قومی گالفر شبیر اقبال، محمد زبیر، ظاہر شاہ، محمد شہزاد اور اسد خان پہلے دن 69، تین انڈر پار کے اسکور کے ساتھ مشترکہ طور سرِ فہرست رہے ۔ خالد خان، عاشق حسین اور مطلوب احمد 70، دو انڈر پار کے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن پر ہیں۔ محمد شبیر اقبال نے ریڈ کورس میں شاندار راؤنڈ کا آغاز کیا اور چار انڈر پار کھیلے۔ شبیر نے بلیو سائیڈ میں ایک اوور پار اسکور کیا۔ وحید بلوچ نے بلیو کورس سے آغاز کیا اور ون انڈر کھیلا۔ وحید نے ریڈ کورس دو انڈر کر کے مکمل کیا۔ ریڈ میں زبیر نے 36 پار کھیلا لیکن بلیو سائیڈ مکمل کرتے ہوئے تین انڈر پار کیا۔ نوجوان اسد خان نے بھی ریڈ کورس میں 32 کے اچھے راؤنڈ، چار انڈر پار کا مظاہرہ کیا لیکن بلیو میں ایک اوور کیا۔ ہوا اور سرد موسم ابتدائی اوقات کے دوران گولفر کے لیے مشکل کا باعث بنا تاہم حدِ نگاہ واضح تھی۔ کراچی گولف کلب کی انتظامیہ کی طرف سے تازہ تراشی ہوئی گھاس اور رولر چلائے جانے کے باعث بال کی رفتار تیز رہی۔ ہول ان ون کے انعام کے لیے رکھی گئی ٹویوٹا کرولا اور ایک سوزوکی آلٹو پہلے دن فاتح کی منتظر رہیں۔ فائنل راؤنڈ اتوار 22 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --