سندھ ہائیکورٹ نے مزید مقدمات میں اعظم سواتی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی نے والد کی سندھ میں گرفتاری کے خلاف نئی درخواست دائر کی تھی جس کی فوری سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔سندھ ہائیکورٹ نے عثمان سواتی کی درخواست کو فوری سماعت کے لیے منظور کیا جس پر جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
عدالت نے درخواست پر مختصر سماعت کے بعد مزید مقدمات میں اعظم سواتی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے عثمان سواتی کی دونوں درخواستوں کو یکجا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی سندھ اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹسز جاری کردیے۔سندھ ہائیکورٹ نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ سے 14 دسمبر تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔واضح رہےکہ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی متنازع ٹوئٹ کے کیس میں گرفتار ہیں جنہیں گزشتہ ہفتے سندھ پولیس نے گرفتار کیا اور انہیں بلوچستان سے سکھر منتقل کیا گیا۔