ملک ڈیفالٹ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک ڈیفالٹ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، تحریکِ انصاف کے پھیلائے گئے جھوٹ میں کوئی حقیقت نہیں۔پاکستان قونصلیٹ جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ 6 ماہ کے دوران ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، گزشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت داؤ پر لگی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے پر عمل کر کے معیشت کو بہتر بنایا، پی ٹی آئی نے پوری قوم کو ایک دوسرے کا گریبان پکڑا دیاہے۔احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مکمل بیانیہ جھوٹ اور نفرت پر مبنی ہے، سیلاب زدگان کی امداد کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک منظم جھوٹ پر مبنی مہم چلا رہی ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ قوم کو متحد کرنے کا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کے لیے اسٹریٹجک پارٹنر کی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت نے سی پیک کا دوبارہ آغاز کیا، جسے پی ٹی آئی نے برباد کر دیا تھا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ سی پیک طرز کا سعودی عرب سے بھی اقتصادی تعاون قائم کرنا چاہتے ہیں، سی پیک کے تحت چین اور سعودی عرب کو مشترکہ سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے انشورنس اسکیم متعارف کرائی جائے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --