قومی کرکٹ ٹیم کی جیت پر سیاسی و عسکری قیادت کے پیغامات

ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بابراعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کی 7 وکٹوں سے شان دار کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف سمیت وزرا، اپوزیشن رہنماؤں اور پاک فوج سمیت دیگر اداروں نے قوم اور ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ پاکستان کو جوڑتی ہے۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی اور 1992 کی تاریخ دہراتے ہوئے 30 سال کے طویل عرصے بعد میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کرکٹ کا ایک اور فائنل کھیلنے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

فائنل میں پاکستان کے ساتھ 1992 کی طرح انگلینڈ مدمقابل ہوگا یا پھر روایتی حریف بھارت کا ٹاکرا ہوگا، اس کا فیصلہ 10 نومبر کو ایڈیلیڈ میں ہوگا۔

نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں 7 وکٹوں سے شکست دینے پر وزیراعظم سمیت سیاست دانوں نے اپنا ردعمل دیا۔

وزیرخارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ ‘قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر مبارک باد، ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کامیابی پر کپتان سمیت تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد’۔

انہوں نے کہا کہ ‘قومی کرکٹ ٹیم کی اہم میچ میں کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور ٹی20 ورلڈ کپ اس بار پاکستان کا ہوگا، ان شاﷲ!’

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے پیغام میں کہا کہ ‘گرین شرٹس کو ٹی20 ورلڈ کپ میں اس طرح کی غیرمعمولی کارکردگی کے ساتھ نیوزی لینڈ سے فتح پر مبارک ہو’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ایک دفعہ پھر ہمیں عظیم احساس دیا، پوری قوم کی دعائیں اور حمایت آپ کے ساتھ ہے اور فائنل کے لیے نیک خواہشات ہیں’۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا کہ ‘شان دار چمپیئنز، پاکستان زندہ باد’۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ‘کرکٹ پاکستان کو متحد کرتی ہے، لڑکوں کا شان دار کھیل سب کو مبارک ہو’۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے ٹوئٹ کیا کہ ‘پاکستان ٹیم، قوم اور گراؤنڈ میں ٹیم کا حوصلہ بلند کرنے والے اہل وطن کو دلی مبارک باد ہو’۔

احسن اقبال نے کہا کہ ‘پاکستان ایک جذبہ، ایک ولولہ ہے، جب بیدار ہو جائے تو اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا’۔

پاک فوج کی جانب سے بھی ٹیم پاکستان کو مبارک باد دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹوئٹ میں کہا کہ ‘ٹیم پاکستان کو ٹی20 ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی اور سیمی فائنل میں جیت پر مبارک ہو اور فائنل کے لیے نیک خواہشات’۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پیغام میں کہا گیا کہ ‘ٹیم پاکستان کو شان دار کارکردگی کے بعد ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے پر مبارک ہو’۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ ‘پوری قوم فائنل میں بھی پاکستان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہے’۔

حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ٹوئٹ کیا کہ ‘یوم اقبال پر شاہینوں کی جانب سے پاکستان شان دار تحفے پر آپ کا شکریہ’۔

لاہور میں قائم امریکی قونصل جنرل نے بھی ٹوئٹ میں پاکستان ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی پر مبارک باد دی۔

-- مزید آگے پہنچایے --