خیبر پختونخوا میں فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں دو پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔چارسدہ کے علاقے ترنگزئی مفتی آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل بلال شہید ہوگیا، وہ منڈا ہیڈ میں تعینات تھے اور موٹر سائیکل پر اسپیشل ڈیوٹی کے لیے چارسدہ جا رہے تھے کہ ان پر فائرنگ کی گئی۔
واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پولیس اہلکار کی لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی سخت کردی۔دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں اعظم ورسک پولیس تھانے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، پولیس اور سیکورٹی فورسز نے نامعلوم مسلح حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کی، اس دوران پولیس محرر فضل ملک شہید ہو گئے۔