چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں نااہل کیے جانے پر عمران خان کے حوالے سے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلے میں کہا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس میں ملوث رہے لہذا ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جائے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو کرپٹ پریکٹسز کا مجرم قرار دیا ہے، عمران خان اب نااہل ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ اپنے سیاسی مخالفین کی مبینہ کرپشن کے بارے میں جھوٹ پھیلانے والا رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
دوسری جانب وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ہم سیاستدانوں کی نااہلی کو اچھا نہیں سمجھتے لیکن دوسروں کو کرپٹ کہنے والا آج خود باضابطہ بدعنوان ثابت ہوا، سیاسی مخالفین کو نااہل کرنےکی سازش کرتے کرتے آج عمران خود نااہل ہو گئے۔ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا اس کو کہتے ہیں مقافات عمل جس کا شکار آج عمران خود ہوئے۔