صدرڈاکٹرعارف علوی نے حالیہ سیلاب کے تناظرمیں ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے سیاسی قیادت کے درمیان اتحاد کی ضرورت پرزوردیاہے۔ایک نجی ٹی وی چینل سے انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ پاکستان معاشی صورتحال اور حالیہ تباہ کن سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بعد مزید سیاسی کشیدگی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ ملک کے آئینی سربراہ کے طورپر کسی بھی معاہدے پرپہنچنے کے لئے ان کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لئے کھلے ہیں۔صدرنے کہاکہ ملک کو درپیش موجودہ معاشی مسائل کاحل سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے نئے انتخابات کے انعقاد میں ممکن ہے۔ایک سوال کے جواب میں صدرنے مستقبل کے لائحہ عمل کے لئے سیاسی قوتوں کے درمیان مشاورت کی ضرورت پرزوردیااورخبردارکیاکہ کوئی بھی تنازعہ اس اہم موڑ پرملک کونقصان پہنچا سکتاہے۔انہوں نے کہاکہ مذاکرات کے لئے انا اوربدگمانی کوختم کرناچاہیے۔ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ سیلابوں سے بدترین معاشی صورتحال ایک بڑامسئلہ ہے اورمعاشی استحکام کیلئے سیاسی اختلافات پرقابوپانے کی ضرورت ہے۔