ایف آئی اے نے عمران خان کیخلاف بڑا قدم اٹھا لیا

ایف آئی اے نے عمران خان کیخلاف بڑا قدم اٹھا لیا

 وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو خط لکھ کرپارٹی کو ملنے والے فنڈز اور اکاؤنٹس کا ریکارڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان تمام قومی و بین الاقوامی کمپنیوں، کاروباری اداروں اور شخصیات کا ریکارڈ فراہم کریں جنہوں نے پارٹی کی مدد کی، نیز مختلف ممالک کی کمپنیوں اور کاروباری اداروں سے وصول رقم کی الگ الگ تفصیل فراہم کی جائے۔

ایف آئی اے نے خط میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی 1996 سے لے کر اب تک کی تمام تنظیموں اور ٹرسٹ کا ریکارڈ فراہم کیا جائے، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کی رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ قومی و بین الاقوامی تنظیموں اور ٹرسٹ کا ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام اکاؤنٹس کھولے جانے سے لے کر اب تک کی سالانہ اسٹیٹمنٹ فراہم کی جائے، پارٹی کے تمام عہدیداروں کی فہرست اور شناختی کارڈ نمبرز فراہم کیے جائیں، ان افراد کے نام فراہم کیے جائیں جنہیں پارٹی اکاؤنٹس آپریٹ کرنے کی اجازت تھی، اب تک پارٹی کے مالی امور دیکھنے والے بورڈ کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جنرل سیکرٹری اسد عمر کو تمام ریکارڈ 15 دن کے اندر فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --