موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،پیپلزپارٹی

موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،پیپلزپارٹی

 پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہائبرڈ اجلاس ہوا۔

بلاول ہاؤس میں ہونے والے پیپلزپارٹی کی سی ای سی کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال پر اراکین نے تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا ہے، پیپلز پارٹی موجودہ صورتحال میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ موجود صورتحال پر کل لاہور میں اتحادی جماعتوں کو اجلاس ہوگا جس میں پیپلز پارٹی بھی شریک ہو گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان فوری طور پر الیکشن کمیشن، مسٹر ایکس اور وائے اور اس قوم سے معافی مانگیں۔ اس الیکشن میں عمران خان جیت کر بھی ہار گئے ہیں۔ آج اس ملک میں جو مہنگائی ہے وہ عمران خان کی وجہ سے ہے،جنہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، اس معاہدے پر عمل اس حکومت کو کرنا پڑا۔ پی ٹی آئی چیئر مین نے آئی ایم ایف سے وعدے کرکے ملک میں مہنگائی کی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہباز شریف کو آئینی اور قانونی طور پر اکثریت حاصل ہے،عمران خان کے پاس اکثریت ہے تو اسمبلی میں آئیں اور شہبازشریف کو ہٹائیں۔ عمران خان واحد شخص کو جس کو آئینی طریقے سے ایوان سے نکالاگیا، ان کا اقتدار صرف ایک دھوکہ تھا۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ چاہتی ہے اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہے،پیپلز پارٹی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ کھڑی ہے اور آئیسولیشن میں کوئی بھی فیصلہ نہیں کرے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --