پولیس نے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے رہنما مقبول گجر کو پنجاب سے بیدخل کردیا

پولیس نے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے رہنما مقبول گجر کو پنجاب سے بیدخل کردیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد کشمیر کے رہنما مقبول گجر صوبہ پنجاب میں پابندی کے باوجود لاہور پہنچ گئے تاہم پولیس نے انہیں شہر سے بے دخل کردیا۔

پولیس مقبول گجر کو حراست میں لینے پہنچ گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے حکومتی آرڈر پر مقبول گجر سے دستخط کرائے، مقبول گجر اور ایس ایچ او عاطف کے درمیان تکرار بھی ہوئی۔

مقبول گجرنے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے وزیرہیں، اُنھیں نہیں روکا جاسکتا، ایس ایچ او نے کہا کہ آپ ہمارے ساتھ تھانے چلیں، باقی بات وہاں کرتے ہیں تاہم مقبول گجر گاڑی میں بیٹھ کر پولیس کے ہاتھوں سے نکل گئے۔

دوسری جانب ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس آپریشنز سہیل چوہدری  کے مطابق مقبول گجر کو لاہور کی حدود سے بےدخل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبول احمد گجر میڈیا کو انٹرویو دے رہے تھے اور پولیس نے انہیں الیکشن مہم سے منع کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مقبول گجر کے ہمراہ دوسری گاڑی میں سوار 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز محکمہ داخلہ پنجاب نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور اور مقبول گجر کے ضمنی الیکشن تک صوبے میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --