موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی،بختاور بھٹو

موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی،بختاور بھٹو

سابق وزیرِ اعظم محترمہ بےنظیر بھٹو شہید اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کراچی کی موجودہ صورتِ حال پر  سندھ حکومت کی حمایت میں سامنے آ گئیں۔

حال ہی میں کراچی میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے شہر میں تباہی مچا دی اور نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا، اس کے بعد وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی بہن بختاور بھٹو زرداری نے شدید ردِعمل کا سامنا کرنے کے بعد صوبائی حکومت کی حمایت میں بات کی۔

بختاور بھٹو نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ تیز بارش اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دُنیا کے کئی ترقی یافتہ شہروں میں بھی سیلابی صورتِ حال پیدا ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے اور شہرِ قائد میں ہونے والی بارش نے اپنا ریکارڈ توڑ دیا جس کی وجہ سے صورتِ حال خراب ہوئی جبکہ پی پی پی کی سندھ حکومت تو ہر لمحے عوام کی خدمت اور شہر کی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے موجود تھی۔

 

 

بختاور بھٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ ماہ سینکڑوں نالوں کو صاف کر کے پہلے سے ہی موسمی صورتِ حال کا سامنا کرنے کی تیاری کی تھی۔

سندھ حکومت کا خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی حکومتوں سے موازنہ کرتے ہوئے بختاور بھٹو نے مزید کہا ہے کہ کے پی ڈوب گیا، بلوچستان کا بھی یہی حال ہے لیکن یہ ابھی تک سرخیوں میں نہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ موازنہ کریں کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وزراء کراچی کے مقابلے میں کہاں تھے؟

-- مزید آگے پہنچایے --