وزارت اطلاعات و نشریات اور آئی ایس پی آر نے ملک بھر میں قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منانے کے لئے پلان کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں بدھ کو یہاں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈائمنڈ جوبلی کے جشن کو قومی یکجہتی، اتحاد اور یگانگت کے فروغ کا یادگار موقع بنایا جائے گا۔ تقریبات میں ملک بھر کی تمام ثقافتوں اور وفاق پاکستان کے تمام رنگوں کو شامل کیا جائے گا۔ نوجوانوں کی جشن آزادی تقریبات میں مقابلوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس میں قیام پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے مجوزہ تقریبات اور تیاریوں کے انعقاد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات اور آئی ایس پی آر کی طرف سے 75 سالہ تقریبات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جشن آزادی کے موقع پر ملی نغموں کے مقابلے اور اس میں حصہ لینے والوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیاگیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملی نغمے کے مقابلوں میں حصہ لینے کی تاریخ 30 جون مقرر کی گئی تھی، یکم سے 9 جولائی تک مقابلوں میں شریک ہونے والوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا، شارٹ لسٹ کئے جانے والوں کو اسلام آباد بلایا جائے گا، مقابلہ جیتنے والے امیدوار کا ملی نغمہ 11 سے 14 اگست 2022 تک قومی نشریاتی رابطے پر نشر ہو گا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ دنیا بھر میں تمام پاکستانی سفارت خانوں میں بھی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ملک گیر تقریبات کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اطلاعات نے قومی تقریبات کی تیاریاں کرنے والی ٹیموں اور ڈیپارٹمنٹس کے جذبے کو سراہا۔