برطانوی سکھ سپاہیوں کے 12 رکنی وفد کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے، ملک میں مذہبی سیاحت کے فروغ کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق برطانوی سکھ سپاہیوں کے 12 رکنی وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو ) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ کرتارپور راہداری پاکستان کی مذہبی آزادی اور ہم آہنگی کیلئے غیر متزلزل عزم کا عملی مظہر ہے، پاکستان میں تمام مذاہب کا احترام کیاجاتاہے، پاکستان ملک میں مذہبی سیاحت کے فروغ کی ضرورت کو تسلیم کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی فوج کے سکھ افسران نے لاہور میں شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، دربار حضرت میاں میرؒ، حویلی نونہال سنگھ، گوردوارہ جنم استھان گرو رام داس کا دورہ کیا، جبکہ سکھ افسران نے قبائلی علاقوں کا بھی دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی وفد نے واہگہ بارڈر لاہور میں پرچم اتارنے کی تقریب بھی دیکھی۔

 

 

-- مزید آگے پہنچایے --