اسلام آباد، بلوچستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں تاہم اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق رات 12 بج کر 36 منٹ پر پاکستان، ایران اور افغانستان میں 5.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
تاہم محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے کہا کہ زلزلے کا مرکز افغانستان کا ہندوکش علاقہ تھا اور اس کی گہرائی 85 کلومیٹر تھی۔
رواں ماہ کے آغاز میں بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے اورناجی میں 5.2 شدت کے زلزلے سے کم از کم 80 مکانات منہدم ہو گئے تھے، جس سے 200 سے زائد خاندان بے گھر ہو گئے۔
خضدار کے ڈپٹی کمشنر ریٹائرڈ میجر الیاس کبزئی نے بتایا ’اورناجی کا ایک وسیع علاقہ زلزلے سے متاثر ہوا جس سے 80 سے زائد مکانات منہدم ہو گئے جب کہ 260 دیگر مکانات میں بڑی دراڑیں پڑ گئیں، انہوں نے بتایا کہ بیشتر مکانات مٹی سے بنے تھے۔
زلزلے سے تحصیل وڈھ کے گاؤں نالی، زمری، برنگ اور نچکان سونارو لاٹھی کو بھی نقصان پہنچا۔
14 جنوری کو اسلام آباد اور ملک کے شمالی علاقوں میں ریکٹر اسکیل پر 5.6 کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔