بھارتی ریاست کیرالہ کا دارالحکومت تھیروواناتھاپورم پاکستان کی سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصاویر سے سجا دیا گیا۔ دوسری طرف بی جے پی نے بے نظیر بھٹو کی تصاویر والے ہورڈنگ اور پوسٹر لگائے جانے پر ہنگامہ کھڑا کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا (ماکسسٹ)کے خواتین ونگ، آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام نیشنل کانفرنس کے حوالے سے دارالحکومت کے تمام اہم مقامات پر جو ہورڈنگز اور دیواروں پر لگائے جانے والے پوسٹرز کے علاوہ کانفرنس کے دعوت نامہ پر بھی بے نظیر بھٹو کی تصویر استعمال کی گئی ہے۔
اس کے ساتھ بے نظیر کے بارے میں ایک پیرا گراف بھی لکھا گیا ہے کہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم جنہیں ہارورڈ سمیت دنیا کی 9 بہترین یونیورسٹیوں سے ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں دی گئیں، اس کے علاوہ بے نظیر اسکوائر کے الفاظ بھی درج کئے گئے۔