پولیس چوکی پر حملہ، پولیس اہلکار شہید

پولیس چوکی پر حملہ، پولیس اہلکار شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے نواحی علاقے شہباز خیل میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا جب کہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔ترجمان لکی مروت پولیس کے مطابق نیا سال شروع ہوتے ہی رات کو دہشت گردوں نے پولیس چوکی شہباز خیل پر خود کار ہھتاروں سے حملہ کیا، دہشت گردوں نے بھاری اور خود کار اسلحے سے لیس ہو کر پولیس کو نشانہ بنایا اور چوکی کے اندر گھسنے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس چوکی شہبازخیل کو کئی اطراف سے خودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنایا، اس دوران انہوں نے آر پی جی سیون راکٹ لانچر اور دستی بموں سمیت جدید ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا۔ترجمان کے مطابق پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کیا اور اس دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد کی شناخت اوئس سکنہ عبدالخیل کے نام ہوئی جوکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے مقدمات میں سی ٹی ڈی بنوں پولیس کو مطلوب تھا، ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، تاہم دہشتگردوں کے حملے میں آر۔آر۔ایف فورس کا ایک جوان کانسٹیبل تحسین اللہ زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔پولیس کے مطابق علاقے میں کسی دہشت گرد کی موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --