پولیس اہلکاروں نے اشارے پر نہ رکنے والے نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کرڈالا۔کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں اشارے پر نہ رکنے والے موٹر سائیکل سوار عامر نامی نوجوان کو پولیس اہلکاروں نے تعاقب کے بعد عمارت میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ایسٹ مقدس حیدر کے مطابق واقعہ کراچی ایسٹ کے شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر میں پیش آیا،ابتدائی تفتیش میں جرم ثابت ہونے پر 3 اہلکاروں ناصر، شہر یار اور فیصل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو شاہین فورس کے اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا، وہ نہیں رکا تو موٹر سائیکل پر سوار ہو کر اہلکاروں نے اس کا تعاقب کیا اور ایک رہائشی عمارت کے احاطے میں جاکر اس پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے عامر حسین نامی نوجوان عمارت کی سیڑھیوں پر چڑھتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں اشتعال پھیل گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق موٹر سائیکل سوار دونوں افراد کے پاس سے اسلحہ برآمد نہیں ہوا۔اس موٹر سائیکل پر دونوں افراد کے ہمراہ ایک چھوٹی بچی بھی تھی جو محفوظ رہی۔