آصف علی زرداری کا بلوچستان میں فوجی افسر اور جوانوں کی شہادت پر اظہار تعزیت

آصف علی زرداری کا بلوچستان میں فوجی افسر اور جوانوں کی شہادت پر اظہار تعزیت

سابق صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں فوجی افسر کیپٹن فہد ،لانس نائیک امتیاز، سپاہی اصغر ، مہران ،شمعون کی شہادتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ وطن کی سرزمین کی حفاظت کرنے والے قوم ہیرو ہیں۔

یہ تازہ واقعات ایسے وقت میں رونما ہوئے ہیں جب کہ پاکستان کو دہشت گردی کے بڑھتے خطرات کا سامنا ہے، تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کے خاتمے کے اعلان کے بعد سے دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں افغانستان سے سرگرم عناصر اور گروہوں کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کے پیشِ نظر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے 2 روز قبل ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے، سیکیورٹی اداروں کو بھی کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

-- مزید آگے پہنچایے --