’کلیئرنس آپریشن‘ کے دوران آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے ایک افسر سمیت 5 جوان شہید

’کلیئرنس آپریشن‘ کے دوران آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے ایک افسر سمیت 5 جوان شہید

بلوچستان کے علاقےکاہان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری ’کلیئرنس آپریشن‘ کے دوران آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے ایک افسر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 24 دسمبر 2022 سے بلوچستان کے علاقے کاہان میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران کارروائی میں مصروف ٹیم کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کیپٹن فہد سمیت مادر وطن کے 5 سپوتوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں بہادری سے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کر کے جام شہادت نوش کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کیپٹن فہد شہید سمیت دیگر شہدا میں لانس نائیک امتیاز، سپاہی اصغر، سپاہی مہران اور سپاہی شمعون شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دشمن عناصر کی اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشتت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ بلوچستان میں ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک سپاہی شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا تھا کہ اس آپریشن کا مقصد دہشت گردوں کو چند مشتبہ راستوں کے استعمال سے روکنا تھا جن کے ذریعے پاک-افغان سرحد سے خیبر پختونخوا میں داخل ہوکر شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جا سکتا تھا۔

-- مزید آگے پہنچایے --