نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر پہنچ گئی

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے براستہ دبئی کراچی پہنچ گئی۔ْنیوزی لینڈ ٹیسٹ اسکواڈ آکلینڈ سے گزشتہ روز پاکستان کے لیے روانہ ہوا تھا۔کیوی ٹیم اور آفیشلز 15 گھنٹے سے زائد کے سفر کے بعد دبئی سے کراچی پہنچے ہیں۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر کو کراچی میں شروع ہوگا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔

اپنے دورہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کراچی میں 3 ایک روزہ میچز بھی کھیلے گی۔پہلا ایک روزہ میچ 10 جنوری، دوسرا میچ 12 جنوری، تیسرا اور اخری ون ڈے انٹرنیشنل 14 جنوری کو کھیلا جائے گا۔مہمان ٹیم آج اپنے طے شدہ دورے کے پہلے مرحلے کے طور پر کراچی پہنچی ہے جب کہ وہ دوسرے مرحلے میں 13 اپریل سے 7 مئی تک پاکستان میں 10 میچز کھیلے گی۔

اس دوران دونوں ٹیمیں 5 ون ڈے اور 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آئیں گی۔اس مرحلے میں شامل ابتدائی 4 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز 13، 15، 16 اور 19 اپریل کو کراچی میں کھیلے جائیں گے، پانچواں ٹی 20 اور ابتدائی 2 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 23، 26 اور 28 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

دورے میں شامل آخری تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، 4 اور7 مئی کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے آغاز سے چند گھنٹے قبل دورہ پاکستان سیکیورٹی وجوہات کے سبب منسوخ کردیا تھا اور بغیر کوئی میچ کھیلے نیوزی لینڈ کی ٹیم وطن واپس لوٹ گئی تھی۔نیوزی لینڈ کی ٹیم 18سال کے طویل عرصے کے بعد ون ڈے اور ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کے دورے پر آئی تھی، اس دورے کے دوران کیویز نے 3 ون ڈے اور پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلنی تھی۔

-- مزید آگے پہنچایے --