مسافر وین کے اندر فائرنگ سے 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں

خیبرپختونخوا کے شہر ہنگو میں مسافر وین کے اندر فائرنگ سے 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیا۔ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) عاصف بہادر نے میڈیا  کو بتایا کہ وین میں موجود مسافروں کے درمیان جھگڑے کے بعد ایک شخص نے غصے میں آکر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ ہنگو کے علاقے شنہ وڑی میں پیش آیا تھا جبکہ واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزم کی گرفتار کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ فوری طور پر حملے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ڈی پی او نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ واقعہ مسافروں کے درمیان جھگڑے کے باعث پیش آیا۔ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنگو ولایت خان نے  جاں بحق افراد کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمی شخص زیر علاج ہے۔واضح رہے کہ ستمبر میں ہنگو میں زمین کے تنازع پر کاربوگھا شریف اور ڈاؤبا قبائل کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

-- مزید آگے پہنچایے --