وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ہی ہوں گے۔ساتویں ڈیجیٹل آبادی شماری کے لئے ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں سال اپریل میں حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے عمل میں تیزی لائی گئی ہے اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز بشمول وزارت آئی ٹی ، نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن این ٹی سی، نادرا، پاکستان بیورو آف شماریات وزات منصوبہ بندی کے زیر نگرانی کام کر رہے ہیں۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پارلیمنٹ اگست 2023 میں اپنی مدت پوری کرے گی اور اگلے عام انتخابات اس مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے، انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے بلوچستان اور سندھ سب سے زیادہ متاثرہ صوبے ہیں اور دونوں صوبوں کو بحالی کی لئے مزید 6 سے 8 ماہ لگیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اپریل یا مئی میں نئی مردم شماری مکمل ہونے کے بعد ہی نئے انتخابات اکتوبر میں ہو سکتے ہیں اور پھر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نئے اعداد و شمار کی بنیاد پر نئی حد بندیوں کے لیے مزید چار ماہ درکار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈیجیٹل مردم شماری کے لئے 34 ارب روپے خرچ کئے ہیں اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے پاس آبادی اور اس کی تقسیم کے بارے میں درست ڈیٹا ہونا ضروری ہے۔