پاکستان اورترکیہ کادوطرفہ تعلقات کوتعاون کے فروغ کے ساتھ نئی بلندیوں پرلے جانے کاعزم

پاکستان اورترکیہ کادوطرفہ تعلقات کوتعاون کے فروغ کے ساتھ نئی بلندیوں پرلے جانے کاعزم

پاکستان اورترکیہ نے دوطرفہ تعلقات کومختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے ساتھ نئی بلندیوں پرلے جانے کے عزم کااعادہ کیاہے۔اس عزم کااظہاروزیراعظم شہبازشریف اورترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے استنبول میں مشترکہ نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے دونوں ممالک کے درمیان پانچ ارب ڈالر تجارتی ہدف کے حصول کے لئے تمام ترکوششیں کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے ترکیہ کو علاقائی خوشحالی اورغربت کے خاتمے کے لئے چین پاکستان اقتصادی راہداری میںشامل ہونے کی دعوت بھی دی۔

استنبول میں دہشت گردی کے حالیہ واقعہ میںقیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرتعزیت کااظہارکرتے ہوئے شہبازشریف نے نہ صرف پاکستان اورترکیہ بلکہ پوری دنیا سے ہرقسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پرزوردیا۔

پاک بحریہ کے لئے چارمِلجم بحری جہازوں میں سے تیسرے جہاز کے افتتاح کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ باہمی تعاون کے فروغ کے لئے خلوص اورعزم کاعکاس ہے۔

صدراردوان نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ترکیہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کی مکمل حمایت کرتاہے۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کوپانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے حوالے سے وزیراعظم کے ساتھ اتفاق کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --