عمران خان پر قاتلانہ کی ایف آئی آر درج کرنے کیلئے وفاق کا پنجاب کو خط

عمران خان پر قاتلانہ کی ایف آئی آر درج کرنے کیلئے وفاق کا پنجاب کو خط

وفاقی حکومت نے وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر فائرنگ کا مقدمہ درج کرنے کے لیے حکومتِ پنجاب کو خط لکھ دیا۔

فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے وفاقی کی جانب سے یہ خط چیف سیکریٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پنجاب کو لکھا گیا ہے۔

خط میں وفاقی حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ مقدمے کے میرٹ پر اندراج کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں، 3 روز گزرنے کے باوجود مقدمہ درج نہ ہونے سے کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔

خط میں پی ٹی آئی کے احتجاج اور گورنر ہاؤس لاہور کو سیکیورٹی نہ دینے پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

خط کے متن میں وزیر آباد فائرنگ کے بعد صوبہ بھر میں جلاؤ گھیراؤ پر بھی وفاق نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

قبل ازیں سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے بھی آئی جی پنجاب پولیس کو 24 گھنٹوں کے اندر عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا جاچکا ہے۔

خیال رہے کہ 3 نومبر کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران عمران خان پر حملہ ہوا تھا، تاہم اس واقعے کی ایف آئی آر تاحال درج نہیں کی گئی۔

-- مزید آگے پہنچایے --